گورکھپور، 18/جنوری (آئی این ایس انڈیا)ضلع کے اسٹیٹ بینک آف انڈیا کی سہوروا شاخ میں غیر مطمئن صارفین نے بدھ کو تالا لگا دیا ہے۔وجہ یہ ہے کہ صارفین کو مطلوبہ رقم نہیں مل پا رہی ہے،بینک میں ملازمین کی کمی بھی پیسے نکالنے میں رکاوٹ بن رہی ہے، اس سے صارفین اور ملازمین دونوں پریشان ہیں۔کم پیسے کم کام ملازمین کی دقت ہے،تو مطلوبہ رقم نہ نکال پانا صارفین کو منظور نہیں ہے۔واضح رہے کہ اسٹیٹ بینک آف انڈیا کی سہوروا شاخ میں علاقے کے درجن بھر گاؤں کے ہزاروں لوگوں نے اکاؤنٹ کھلوایا ہے، وہ یہیں سے لین دین کرتے آ رہے ہیں۔8/نومبر 2016کو نوٹ بند ی کے بعد بھی یہیں سے لین دین کر رہے ہیں، ہر روز کی طرح بدھ کو بھی صارفین بینک کے سامنے آکر لائن میں کھڑے ہو گئے، 10بجے بینک کا تالا کھلا اور لین دین شروع ہوا، لیکن صارفین کی ضروریات کے مطابق پیسے نہ نکال پانے پر معاملہ گرمانے لگا۔ سست رفتار سے پیسے نکلنا بھی صارفین کے غصے کی وجہ بنا، اس کے بعد لوگوں نے بینک میں تالا لگادیا۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ جب تک ضروری مقدار میں پیسے نہیں نکلیں گے اس وقت تک بینک میں تالا لگا رہے گا۔ادھر بینک کے برانچ مینیجر کا کہنا ہے کہ ملازمین کی کمی ہے۔صرف دو اسٹاف کے بھروسے صارفین کو مطمئن کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔غورطلب ہے کہ منگل کو بھی بینک سے رقم نہ ملنے کی وجہ سے صارفین نے ہنگامہ کیا تھا، لیکن کافی سمجھا بجھاکر صارفین کو واپس کیا گیا تھا۔